کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سندھ اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے زکوة و عشر میں مستحقین زکوة کے نام پر من پسند افراد کو گزارہ الاؤنس دئیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں صدر مفتی محمد قاسم فخری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ دوران اجلاس یہ انکشاف بھی ہوا کہ مستحقین زکوة کے نام پر من پسند افراد کو گزارہ الاؤنس دیا جارہا ہے جبکہ سرکاری ملازم، سیاسی پس منظر کے حامل افراد زکوة کمیٹیوں کے چیئرمین بنا دئیے گئے ہیں۔ کمیٹی کے سربراہ مفتی قاسم فخری نے محکمہ زکوة میں انتظامی و مالی بے ضابطگیوں پراظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ لوکل زکوة کمیٹیوں کے چیئرمینز ان عہدوں پر رہنے کے اہل ہی نہیں ہیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ زکوة افسر نے کہا کہ مٹیاری میں گزارہ الاؤنس لینے والے افراد دیکھنے سے ہی مستحق لگتے ہیں، جس پر مفتی قاسم فخری نے کہا کہ زکوة کی تقسیم، مستحقین کا تعین دیکھنے سے نہیں شرعی اصولوں پر ہوتا ہے۔ ضلع جنوبی میں لوکل زکوة کمیٹیوں کے چیئرمین سرکاری ملازم ہیں۔ 50 فیصد مستحقین زکوة جعلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زکوة کمیٹیوں کے انتخاب کے لئے مساجد میں اعلان کیوں نہیں کرایا جاتا ہے۔
![]()