ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) انجمن ترقی پسند مصنفین ڈیرہ اسماعیل خان کے زیر اہتمام فیض احمد فیض کی 35 ویں برسی کی مناسبت سے ایک ادبی نشست علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے آڈیٹوریم ہال میں رکھی گئی۔ اس نشست میں متعدد شعراء، ادبی، وکلاء اور ادب دوست مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت ثنا اللہ شمیم صوبائی صدر انجمن ترقی پسند مصنفین نے کی جبکہ مہمان خصوصی ملکی شہرت یافتہ شاعر پروفیسر شہاب صفدر تھے۔ اس موقع پر بشری محسود اور سید ارشاد حسن نے فیض کی ادبی خدمات پر اپنے مضامین پڑھے۔ تقریب میں نوجوان شاعر ڈاکٹر اخلاق احمد اعوان کے شعری مجموعے”میسر“ کی پذیرائی بھی کی گئی۔ نظامت کے فرائض نوجوان شاعر ڈاکٹر سعد عبداللہ نے نبھائے۔ اس موقع پر کالم و افسانہ نگار عنایت عادل، نظم گو خوشحال ناظر، کالم نگار گلزار احمد اور مہمان خصوصی پروفیسر شہاب صفدر نے”میسر“ کی شاعری اور فنی محاسن پر سیر حاصل گفتگو کی۔ گفتگو سمیٹتے ہوئے صاحب صدر ثنا اللہ شمیم ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ جب تک ایک بھی ترقی پسند موجود ہے فیض کا نام موجود رہے گا۔ انہوں نے ڈاکٹر اخلاق احمد اعوان کی کتاب ”میسر“ کو ڈیرہ کے ادبی افق کا روشن ستارہ قرار دیا اور صاحب کتاب کو مبارک باد پیش کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اخلاق اعوان خداداد صلاحیتوں کے حامل نوجوان ہیں جنہوں نے ادبی میدان کے ساتھ علمی میدان میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں اور انکی زندگی نوجوانوں کیلئے ایک مثال ہے۔تقریب میں معروف قطعہ نویس رحمت اللہ عامر نے اپنے تیکھے قطعات سے محفل کشت زعفران بنائی۔
![]()