ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ضلعی انتظامیہ ڈیرہ کی کاوشوں سے واگزار کرائی گئی 215 کنال زمین میں شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا گیا۔ حکومت کی جانب سے جاری کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلے میں محکمہ زراعت کی جانب سے مزید شجرکاری عمل میں لائی جائیگی۔ تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے اپنے دورہ ڈیرہ اسماعیل خان کے دوران ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں سے علاقہ کوکار میں واگزار کرائی گئی 215 کنال زمین کا معائنہ کیا تھا اور حکومت کی جانب سے جاری کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں مذکورہ زمین پر شجرکاری کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اسی سلسلے میں گزشتہ روز کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت اور ڈپٹی کمشنر محمد عمیر نے محکمہ زراعت کے افسران کے ہمراہ مذکورہ زمین کا دورہ کیا اور محکمہ زراعت کو کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے سلسلے میں شجرکاری کیلئے سونپ دی جبکہ کمشنر ڈیرہ اور ڈپٹی کمشنر نے پودا لگا کر شجرکاری کا باقائدہ افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہر کو سرسبز اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک بنانا انتظامیہ کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے کم عرصہ میں شجرکاری مکمل کر کے اس جگہ کو علاقہ مکینوں اور آس پاس کے علاقے کے لوگوں کی تفریح کیلئے کھول دیا جائیگا تاکہ عوام اس سے مستفید ہو سکیں۔
![]()