مانسہرہ (رپورٹ: عتیق سلیمانی) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ زیب اللہ خان اورعلاقہ مجسٹریٹ عبدالواہاج خان کی موجودگی میں ٹریفک دفتر مانسہرہ میں پریشر ہارن، پھٹے سلنسر، غیر قانونی جالیاں اور فینسی نمبر پلیٹس تلف کردی گئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ ڈی پی او مانسہرہ زیب اللہ خان کا کہنا تھا کہ ضلع مانسہرہ کی عوام کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر کاروائی کرتے ہوۓ مانسہرہ پولیس نے گزشتہ دو ماہ کے دوران 1734 کم سن ڈرائیوروں کوچلان کیا گیا۔ جبکہ گاڑیوں کے شیشے کالے کرنے پر 7484 گاڑیوں کو چلان کیا گیا۔ علاوہ ازیں 320 موٹرسائیکلوں سے پھٹے سلنسر اتارنے کے ساتھ ساتھ مختلف گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سے 1987 پریشر ہارن اتارے گئے۔ ڈی پی او مانسہرہ زیب اللہ خان نے ٹریفک انچارج مانسہرہ انسپکٹر جمال زیب خان کو ڈی آئی جی ہزارہ ڈاکٹر مظہر الحق کاکا خیل کی طرف سے جاری کردہ ہدایات بتاتے ہوۓ کہا کہ ضلع میں روڈ ایکسیڈنٹ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے کم سن موٹرسائیکل سواروں اور کم عمر ڈرائیوروں کے خلاف بھرپور کاروائی عمل میں لائی جاۓ۔ علاوہ ڈی پی او مانسہرہ زیب اللہ خان نے ضلع مانسہرہ میں موجود تمام پٹرول پمپ مالکان کو نوٹس بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوۓ کہا کہ کسی بھی کم عمر موٹرسائیکل سوار اور بغیر ہیلمٹ کے کسی بھی موٹرسائیکل والوں کو پٹرول ہرگز نہ دیا جاۓ۔ خلاف ورزی کرنے والے پٹرول پمپ مالکان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جاۓ گی۔ ڈی پی او مانسہرہ کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے مانسہرہ میں سڑکیں 30 سال پرانی ہیں جبکہ ٹریفک کا بہاؤ کئی گناہ زیادہ ہے۔آبادی کے لحاظ سے ضلع مانسہرہ کی سڑکوں کی حالت بہتر نہیں ہوسکی۔ اس سب کے باوجود ٹریفک پولیس مانسہرہ محدود وسائل میں ٹریفک انچارج مانسہرہ انسپکٹرجمال زیب خان کی قیادت میں ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے انتھک محنت کررہی ہے۔ عوام الناس کے نام اپنے پیغام میں ڈی پی او مانسہرہ زیب اللہ خان کا کہنا تھا کہ قانون کی پاسداری کریں۔ ٹریفک قوانین پرخود بھی عمل کریں اوردوسروں کو بھی ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرنے کی تلقین کرکے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
![]()