کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں امام الحق تین رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ میچ کے چوتھے اوور میں کامران اکمل بھی 21 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ صہیب مقصود بھی 20 گیندوں پر 20 رنز بنا کر واپس پویلین لوٹ گئے انہیں ڈیوائن براوو نے رلی روسو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ عمر امین نے 38 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ گل نبی نے 9 اور کیرون پولارڈ نے 7 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی 18 اور وہاب ریاض 12 رنز بنا سکے اور اس طرح پشاور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی۔ کوئٹہ کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر محمد حسنین نے 30 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیوائن براوو نے دو جب کہ فواد خان اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز شین واٹسن اور احمد شہزاد نے کیا لیکن شین واٹسن 7 رنز بنا کر عمر امین کی شاندار تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ احسن علی بھی 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 66 رنز پر دو کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد احمد شہزاد اور رلی روسو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ احمد شہزاد نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ رلی روسو بھی 39 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ نے 139 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 18 اوور میں پورا کرتے ہوۓ پی ایس ایل فور کا فائنل انے نام کیا۔
![]()