کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں اختتامی تقریب سے خطاب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسانی مانی کا کہنا تھا کہ آج پاکستان خصوصی طور پر کراچی کیلئے تاریخی دن ہے، اسٹیڈیم اور دو لاکھ سے زائد افراد ٹیلی ویژن پر کرکٹ سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ہی لوگوں کی زندگی میں خوشی لاتا ہے اور یہ سبق ہمیں نہیں بھولنا چاہیے۔ احسان مانی نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ، سندھ پولیس، ڈی جی رینجرز سندھ، میئر کراچی، کمشنر کراچی اور دیگر حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے ہماری مدد کی ہے، اس کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کی پوری کوشش ہوگی کہ ٹائٹل اپنے ساتھ لیکر جائیں اور آج جو ٹیم بہتر کھیلے گی وہ ٹرافی لیکر جائے گی لیکن میرے لئے سب سے بڑا انعام کراچی کو ملنا چاہیے جس طرح لوگوں نے پی ایس ایل کو سپورٹ کیا ہے۔ پی سی بی چیئرمین نے غیر ملکی کھلاڑیوں اور اسٹاف کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے اگلے سال پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج کراچی والو، ہم نے کر دکھایا، دو سال پہلے اسی گراؤنڈ پر وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل کراچی میں کرائیں گے اور پچھلے سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوا اور اس سال پی ایس ایل کے تمام میچز ہم نے کراچی میں کرائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جیت کراچی والوں کی جیت ہے اور اگلے سال پورے ملک کے لوگ کراچی کی طرح پی ایس ایل کو کامیاب کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی کوشش رہی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ بھی جلد پاکستان میں شروع ہو اور انشاء اللہ انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ہی ہوگا۔
![]()