کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام 25 روزہ تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026 کے 22ویں روز تاجکستان کے اسٹیٹ سمفنی آرکسٹرا اینڈ پاپ انسمبل نے شاندار میوزیکل پرفارمنس پیش کرکے حاضرین کے دل جیت لیے۔ اوپن ایئر تھیٹر تاجک موسیقی کی خوبصورت دھنوں سے گونج اٹھا۔ تقریب میں گورنر سندھ نہال ہاشمی اور پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے خصوصی شرکت کی، جبکہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تاجک فنکاروں کی شاندار پرفارمنس کو شرکا نے بھرپور داد دی۔
اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ محمد احمد شاہ اب صرف آرٹس کونسل کے نہیں بلکہ پوری دنیا کے ثقافتی صدر بن چکے ہیں۔ فن، ثقافت اور موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی بلکہ یہ مختلف قوموں اور ممالک کو محبت اور بھائی چارے کے رشتے میں جوڑنے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد احمد شاہ اور ان کی ٹیم نے دنیا کے سامنے کراچی کا مثبت تشخص اجاگر کیا اور مختلف زبانوں، مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے قابلِ تحسین مثال قائم کی ہے۔ تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے کہا کہ 150 سے زائد ممالک کے فنکاروں کو کراچی میں جمع کرنا ایک بڑی کاوش ہے۔ موسیقی کی دھنیں جب گونجتی ہیں تو بندوقوں کی آوازیں دب جاتی ہیں، دنیا میں جنگ کے بجائے امن، محبت اور بھائی چارے کی صدائیں بلند ہونی چاہئیں۔ انہوں نے دوستی کے موضوع پر شاعری بھی پیش کی۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تاجکستان کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ثقافتی خاندان میں ایک اور بھائی کا اضافہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کا مقصد دنیا بھر کے فنکاروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا اور عالمی امن، ثقافتی ہم آہنگی اور باہمی محبت کو فروغ دینا ہے۔ تاجکستان کے سفیر نے بھی کراچی سے اپنی دیرینہ وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے شہر کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا۔ تقریب میں تاجک فنکاروں کی موسیقی اور دلکش پرفارمنس نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔