بینکاک (رپورٹ: عمران یوسف کسانہ) کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تھائی لینڈ کی حکومت نے آج سے ایک ماہ کی ایمرجنسی کی منظوری دے دی۔ تاحال وہاں سینکڑوں افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور حکومت اس وباء پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات نافذ کر رہی ہے۔ وزیر اعظم پریوت چن اوچا نے کہا کہ ان کی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہنگامی صورتحال کا نفاذ جمعرات سے شروع ہوگا۔ اس ہنگامی اقدام سے حکومت کو کرفیو نافذ کرنے، میڈیا کو سنسر کرنے، اجتماعات منتشر کرنے اور فوجی دستوں کی تعیناتی کے لیے اضافی اختیارات دیئے گئے ہیں۔ اس کے بارے میں مزید تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔ ٹیلیویژن کے ایک مختصر خطاب میں تھائی وزیر اعظم نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ اس مرحلے پر ملک کو لاک ڈاؤن نہیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی اقدامات کے ذریعے مختلف علاقوں میں وباء کی منتقلی کو روکنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
![]()