کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء اور جامعہ اسلامیہ محمودیہ کراچی کے رئیس مولانا ڈاکٹر نصیر الدین سواتی نے کہا ہے کہ وطن عزیز کڑی آزمائش سے گزر رہا ہے قوم گناہوں کی دلدل سے نکل کر اللہ کی طرف رجوع کرے، کورونا کو اعصاب پر سوار کرنے کی بجائے احتیاطی تدابیر بروئےکار لاتے ہوئے حوصلے سے شکست دینی ہوگی، دینی مدارس کے طلباء دنیا بھر میں وطن عزیز کی بلامعاضہ سفارت کاری کررہے ہیں، علوم نبویہ کے فروغ سے معاشرے میں نمایاں انقلاب برپا ہو رہا ہے، دینی علوم کی آگاہی سے معاشرتی برائیوں کا قلع قمع ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اسلامیہ محمودیہ عقب نئی سبزی منڈی کراچی میں شعبہ انگلش لینگویج کے 36 علماء کرام اور شعبہ تحفیظ کے 35 حفاظ کو اسناد کے اجراء کے سال 2019 -2020 کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جامعہ کے ناظم اعلی مولانا ضیاء الدین سواتی، مولانا محمد بشر، سمیع الحق سواتی، مولانا سلطان محمد، مولانا سعید کوثری، مولانا سعید حقانی، قاری طلحہ زبیر سواتی، قاری علی محمد، مولانا فیاض الرحمن سواتی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر نصیرالدین سواتی نے کہا کہ پاکستان کے شہری اور دیہی علاقوں میں قائم ہزاروں دینی مدارس کا جال اہلیان وطن کی اسلام سے عقیدت کا منہ بولتا ثبوت ہے، ان جامعات سے ہر سال ہزاروں خواتین و حضرات دینی علوم پر دسترس حاصل کرکے معاشرے میں امت کی مثبت رہنمائی کر رہے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد سمیع الحق سواتی نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور وفاق المدارس کے فیصلے کے تحت حکومتی اپیل پر مختصر تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے، جامعہ محمودیہ میں پروگرام کے مہمان خاص جے یو آئی کے صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو تھے مگر عوامی سرگرمیاں معطل ہونے کے باعث ان کی شرکت نہیں ہو رہی ہے۔ پروگرام کے آخر میں وطن عزیز میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی جلد شفایابی اور وبائی مرض کے پھیلاؤ سے بچاؤ کیلئے اللہ رب العزت کے حضور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ واضح رہے کہ جامعہ اسلامیہ محمودیہ نئی سبزی منڈی سے سال 2019-2020 میں ملک کے بڑے دینی جامعات کے 36 فاضل علماء کرام کو انگلش لینگویج کا ایک سالہ ڈپلومہ مکمل کرنے پر سرٹیفیکیٹ اور 35 حفاظ کرام کو قرآن کی تکمیل پر اسناد و انعامات جاری کی گئیں۔
![]()