Home / اہم خبریں / نویں اور دسویں کے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان، 15 جون سے امتحانات کا آغاز ہوگا، 15 اگست 2020 کو دسویں جماعت کے رزلٹ کا اعلان ہوگا۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی

نویں اور دسویں کے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان، 15 جون سے امتحانات کا آغاز ہوگا، 15 اگست 2020 کو دسویں جماعت کے رزلٹ کا اعلان ہوگا۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے نویں اور دسویں کے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جون سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہوں گے جو 15 دن تک چلیں گے۔ وزیر تعلیم سعید غنی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 15 اگست 2020 کو دسویں جماعت کے رزلٹ کا اعلان ہوگا، 6 جولائی 2020 میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات ہوں گے۔15 ستمبر 2020 کو گیارہویں اور بارہویں جماعت کےامتحانات کے نتائج آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے شروع ہونے والا تعلیمی سال یکم جون سے شروع ہوگا، اگر حالات مزید خراب ہوئے تو مزید تبدیلیاں کریں گے۔ انٹر کے تعلیمی سال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ گیارہویں اور بارہویں کا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع ہوگا۔ گیارہویں جماعت کے داخلے 15 جولائی سے شروع ہوں گے، بچوں کا کالج میں ایڈمیشن نویں جماعت کے رزلٹ پر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کہہ رہے ہیں کہ اسکول بند ہیں تو فیس کیوں دیں؟ عدالت کے فیصلے کے مطابق تمام والدین ماہانہ فیس دیں گے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ عدالتی حکم تھا کے اسکول بچوں سے ایڈوانس فیس نہیں لےگا، عدالت نے گرمیوں کی فیس روکنے کا اعلان نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر مذہبی رہنماؤں کی مدد کا شکر گزار ہوں، مذہبی رہنماؤں نے اپنی سرگرمیاں محدود کی ہیں۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی ایڈوائزری پر عمل کیا جائے، حکومت نے جو بھی فیصلے کیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کئے۔ ہم نے ایسے ادارے بھی بند کرائے جو کبھی بند نہیں ہوئے تھے، اسٹیرنگ کمیٹی میں پرائیوٹ اسکولز کے اراکین بھی تھے۔ کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، بچوں کے والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ بچوں کو محفوظ رکھیں، ہم بچوں کی صحت پر پریشان ہیں، بچوں کو گھروں میں رکھیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے