ٹنڈو محمد خان (بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ ضلع ٹنڈو محمد خان کے صحت اور تعلیم کے مسائل سمیت تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔ خاص کر تعلیمی اداروں میں پینے کے صاف پانی ، چار دیواری اور واش رومز کی تعمیر کو اولیت دی جائے گی۔ یہ بات آج انہوں نے اپنی رہائش گاہ ٹنڈو محمد خان میں اپنے ضلع کے یو سی چیئرمین اور عوامی نمائندوں کے ایک اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس میں موقع پر منتخب عوامی نمائندوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر کو اپنے علاقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے انہیں مسائل کے حل کے حکومت سندھ کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ ہے اور اس کا ایک ثبوت صوبے بھر میں کھلی کہچریوں کا انعقاد ہے۔ ان کھلی کہچریوں میں عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے عدم تعاون کے باعث مسائل کے حل میں دشواریوں کا سامنا ہے لیکن سندھ حکومت اپنے وسائل میں رہتے ہوئے سندھ کے عوام کے مسائل حل کررہی ہے۔
![]()