ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ٹریفک جام رہنے لگا ،اندرون شہربازاروں سمیت گلی محلوں میں تجاوزات مافیا کا قبضہ، ٹریفک کا جام ہونا روز کا معمول بن گیا، دکانداروں نے فٹ پاتھوں پر قبضے جمارکھے ہیں رہی سہی کسر چنگ چی رکشوں، ریڑھی بانوں نے نکال کر پوری کردی، شہری سراپا احتجاج، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، ڈی ایس پی ٹریفک سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق اندرون شہر کے بازاروں سمیت گلی محلوں میں بااثر افراد نے مستقل بنیادوں پر قبضے جما رکھے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کا شعبہ انکروچمنٹ قبضہ مافیا سے بازاروں میں قائم ہونے والی تجاوزات ختم کروانے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے، با اثر دکانداروں نے بازاروں کے اندر کئی کئی فٹ تجاوزات قائم کر رکھی ہیں، رہی سہی کسر چنگ چی رکشوں اور ریڑھی مالکان نے پوری کردی ہے، خریداری کے لئے آنے والی خواتین بچے، بزرگ تجاوزات کی وجہ سے پریشان دکھائی دیتے ہیں، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور گرد و نواح میں قائم ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرتے ہوئے متعلقہ شعبوں کے افسران و اہلکاروں کو متحرک کیا جائے اور تجاوزات سمیت غیر قانونی اسٹینڈ کا خا تمہ کروایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی میں پیش آنے والے مشکلات کا خاتمہ ہوسکے۔