کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان کا مرکزی بینک اسٹیٹ بینک آف پاکستان ملک کی سماجی اور سیاسی شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگاری سکے جاری کرتا رہتا ہےاسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بانیان پاکستان میں سے ایک اور 19ویں صدی کے مشہور مصنف و ماہر تعلیم سرسید احمد خان کا یادگاری سکہ جاری کردیا گیا ہے۔ پاکستانی 50 روپے مالیت کا سکہ 17 اکتوبر کو مرکزی بینک کے تمام فیلڈ دفاتر سے دستیاب ہوگا۔ یادگاری سکے کو تانبے اور نکل سے بنایا گیا ہے جس میں تانبا 75 فیصد اور نکل کی مقدار 25 فیصد ہے۔ سکے کا قطر 30 ملی میٹر اور وزن 13.5 گرام ہے۔ دھاتی سکے کے وسط میں ایک طرف پانچ نکروں کا ابھرتا ہوا ہلال اور دوسری طرف سرسید احمد خان کی یک رخی تصویر ہے۔ سکے پرسرسید احمد خان کی تاریخ پیدائش بھی درج ہے۔ قبل ازیں پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر اور عظیم سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے یادگاری سکے بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔ بے نظیر کے یادگاری سکے کی مالیت 10 روپے اور عبدالستار ایدھی والے یادگاری سکے کی مالیت 50 روپے تھی۔2007 میں ملکی تاریخ میں پہلی بار بانیان پاکستان کے سوا کسی سیاسی رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ طریقہ اختیار کیا گیا تھا۔
![]()