کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاک فضائیہ کی جانب سے 27 فروری کو کراچی سی ویو پر ایئر شو منعقد کیا جائے گا، ایئرشو میں جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 طیارے شاندار فضائی کرتب دکھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ 27 فروری کا دن پاک فضائیہ اور پاکستان کیلئے درخشاں باب کی مانند ہے، اس دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے دو طیاروں کو تباہ کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس دن کو شایان شان طریقے سے منانے کیلئے سی ویو کراچی پر شاندار ایئر شو منعقد کیا جارہا ہے، ایئر شو میں جے ایف 17 تھنڈر اور ایف 16 طیارے شاندار فضائی کرتب دکھائیں گے جبکہ پاک فضائیہ کی ایئرو بیٹکس ٹیم شیردل بھی لہو گرمانے والے کرتب دکھائے گی۔اس سے قبل پاک فضائیہ کی ساحل پر 27 فروری کے حوالے سے فل ڈریس ریہرسل ہوئی، جس میں پاکستانی لڑاکا طیاروں کی گھن گرج سے فضا گونج اٹھی۔ ریہرسل میں جے ایف 17 تھنڈر، ایف 16 طیارے اور ہیلی کاپٹر نے حصہ لیا جبکہ پاکستان ایئر فورس کے شیردل اسکواڈرن نے پیشہ ورانہ تربیت کا شاندار مظاہرہ کیا۔ گذشتہ روز پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے 27 فروری کی مناسبت سے نغمہ جاری کیا تھا، گلوکار شجاع حیدر نے اپنے تخلیق کردہ نغمے اللہ اکبر میں اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ یاد رہے 27 فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے نام سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، یہ وہ دن ہے جب پاکستان نے بھارت کی نام نہاد بالاکوٹ سٹرائیک کے جواب میں اپنی مرضی کی جگہ اور وقت پر بھارت کو جواب دیا تھا۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کا آغاز لائن آف کنٹرول کے پار 6 بھارتی فوجی ٹارگٹس کا نشانہ بنانے سے شروع ہوا، جس پر بھارت کی طرف سے مگ 21، ایس یو 30 اور میراج 2000 بھجوائے گئے، جن میں سے 2 طیارے پاک فضائیہ کے شاہینوں کا شکار بنے، بھارتی مگ 21 طیارے کا ملبہ پاکستانی علاقے میں گرا اور اس کا پائلٹ ابھی نندن گرفتار ہوا، جبکہ بھارتی ایس یو 30 طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا، جس میں اس کا پائلٹ بھی مارا گیا۔ بھارت نے اس شکست کو چھپانے کیلئے پاک فضائیہ کا ایف 16 طیارہ مار گرانے کا دعوی کیا، جو وہ آج بھی ثابت نہیں کرسکا، جبکہ امریکہ حکام بھی اس دعوے کی نفی کرچکے ہیں۔ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان نے ابھی نندن کے طیارے کے چاروں میزائل اور ایجکٹ سیٹ دنیا کے سامنے پیش کردیئے ہیں، طیارے کے میزائل آر 73 آرچر اور آر 77 ایڈر کے دو میزائل مکمل اور درست حالت میں جبکہ 2 میزائل طیارہ جلنے کے باعث جزوی حالت میں ملے۔ میزائل ماہرین بھی ان میزائلز کا تجزیہ کرکے ثابت کرچکے ہیں کہ مگ 21 کے چاروں میزائل میں سے کوئی بھی فائر نہیں ہوسکا، ماہرین کی اس رپورٹ کی روشنی میں ابھی نندن کا پاکستانی طیارہ گرانے کا دعوی جھوٹ ثابت ہوتا ہے۔ پاکستانی عسکری حکام نے سرپرائز ڈے کے حوالے سے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان امن پسند ریاست ہے تاہم جب بھی جارحیت مسلط کی گئی تو دشمن کو جواب میں سرپرائز ہی ملے گا۔
![]()