ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد) خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق ؓ کی اسلام کی راہ میں دی جانے والی لازوال قربانیوں کی مثال دنیا میں نہیں ملتی حضرت محمد ؐکے ایک جانثار اور سچے دوست تھے اور اسی سچائی کی بنیاد پر آپ کو صدیق کا لقب ملا۔ علامہ مولانا شفیق احمد برڑو۔ تفصیلات کے مطابق مکی مسجد غوثیہ میں پیر محمد علی قادی کی زیرصدارت عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں شکارپور سے آئے ہوئے علامہ مولانا شفیق احمد برڑو نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی اگر امت مسلمہ آپؓ کے نقش قدم پر چلے تو امت مشکلات اور مصائب کے گرداب سے نجات حاصل کرسکتی ہے اور اسی میں ہماری کامیابی کا راز بھی مضمر ہے۔ ہمارے لئے چاروں خلفاء عزت و تکریم کے لائق ہیں لیکن حضرت ابوبکر صدیقؓ کی شان و عظمت حضورؐ سے بے پناہ محبت و عقیدت سب سے پہلے دعوت اسلام قبول کرنے اور یار غار میں ہونے کا اعزاز آپ کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی ایثار و قربانی کی مثالیں آج بھی روز اول کی طرح زندہ ہیں آپ نے قبول اسلام کے بعد کفر کا مقابلہ جس جرآت اور جوانمردی سے کیا اس کی دنیا میں نظیر نہیں ملتی۔ صدیق اکبرؓ کانفرنس”سے خطاب کرتے ہوئے پیر محد علی قادری چشتی نے کہا کہ آپؓ کا عہد اسلامی تعلیمات کا عملی مظہر اور اسلامی تاریخ کا زریں دور تھا۔ آپ ؓ نے جس تدبر اور عزم و استقامت سے فتنوں کا قلع قمع کیا، انسانی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ آپؓ کی سیرت و کردار اُمّت کے لیے روشنی اور رہنمائی کا مظہر اور آپؓ جرأت و شجاعت کی عملی تصویر تھے۔ کانفرنس کے اختتام پر ملک کی سلامتی و استحکام ترقی و خوشحالی امن و امان اور امت مسلمہ کے درمیان اتحاد و اتفاق کے لئے دعا کی گئی کانفرنس میں عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
![]()