ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ملکی معیشت میں بہتری آنے کے آثار، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہونا شروع، گزشتہ سال کے آخری ماہ دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.66 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق دسمبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 9.66 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ نومبر میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 16.4 فی صد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق خوراک اور مشروبات سیکٹر میں 41.57 فیصد، ٹیکسٹائل سیکٹر میں 50 فیصد، پیپر اینڈ بورڈ کی صنعت میں 33.4 فیصد، چمڑے کی صنعت میں 16.1 فیصد، فارما سیکٹر میں 2.83 فیصد جب کہ الیکٹرونکس میں 15.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری طرف آٹو سیکٹر میں 28، انجینئرنگ پروڈکٹس 10، آئرن اینڈ اسٹیل میں 3.7 فیصد کمی ہوئی، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں صنعتی پیداوار میں 3.35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ جہاں ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں کچھ اضافہ ہونا شروع ہوا ہے، وہیں دوسری جانب آئی ایم ایف نے بھی ملکی معیشت کے حوالے سے مثبت خبر دی ہے۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مالیاتی خسارہ کم ہوگیا ہے۔ پاکستان کی معیشت میں بہتری توقعات سے بڑھ کر ہے۔ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں، پاکستان میں مہنگائی کم ہوجائے گی۔ مہنگائی میں ڈالر کے ایکسچینج ریٹ کے اثرات کم ہونا شروع ہوئے ہیں۔
![]()