کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی ایس 97 کا علاقہ بھٹائی کالونی جرائم پیشہ عناصر کے لئے کھیل کا میدان بن گیا ہے جہاں ہر غیر قانونی سرگرمیاں کھیلی جارہی ہیں۔ رکن سندھ اسمبلی نے وارداتوں میں اضافے سے متعلق ایڈیشنل آئی جی سے رابطہ کیا انہوں نے کہا کہ رواں ماہ بھٹائی کالونی میں 50 سے زائد وارداتیں رپورٹ کی گئی گزشتہ شب جرائم پیشہ عناصر نے بھٹائی کالونی میں خواتین سے سونے کی بالیاں و نقدی رقم چھین لیں اور ایک روز قبل اسی علاقے میں بچوں کی وین کو نشانہ بنایا گیا اور موبائل فونز و دیگر قیمتی اشیاء لوٹی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرمنلز کے لیے بھٹائی کالونی جنت بن گیا ہے متعلقہ تھانوں میں بیشتر درخواستیں جمع کروائی، مگر کسی ایک کے خلاف کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کی روک تھام کیلئے پولیس مکمل ناکام ہوچکی ہے ایس ایس پی ملیر ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتے ہمیں ہر بار تسلیاں دی جاتی ہیں، مگر حکمت عملی تشکیل نہیں دی جاتی انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ شہر میں انسانی جان و مال کو تحفظ فراہم کریں۔ ڈی جی رینجرز شہر میں سرچ آپریشن کا آغاز کریں اسٹریٹ کرائم پر قابو پانا بے حد ضروری ہے بصورت دیگر حلقے کے عوام کے ہمراہ سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔
![]()