Home / اہم خبریں / سرکاری حج پیکیج کی قیمتیں نہ بڑھائی جائیں، یہ پرائیویٹ تاجران حج کو فائدہ پہنچانے کی سازش ہے۔ سال 2020 کیلئے سرکاری حج پیکیج کو سود سے پاک بنایا جائے۔ ابوبکر عثمان

سرکاری حج پیکیج کی قیمتیں نہ بڑھائی جائیں، یہ پرائیویٹ تاجران حج کو فائدہ پہنچانے کی سازش ہے۔ سال 2020 کیلئے سرکاری حج پیکیج کو سود سے پاک بنایا جائے۔ ابوبکر عثمان

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی پبلک ایشوز کمیٹی کے ڈائریکٹر ابوبکر عثمان نے کہا ہے کہ حکومت اور وزارت مذہبی امور حجاج کی پاکیزہ رقوم کو بینکوں میں رکھ کر منافع خوری بند کریں اور حج سال 2020 کیلئے سرکاری حج پیکیج کو سود سے پاک بنایا جائے۔ سرکاری حج پیکیج کی قیمتیں بڑھانے کا عندیہ پرائیویٹ تاجران حج کو فائدہ پہنچانے کی سازش ہے۔ حجاج کو بے خبر رکھ کر حج پیکیج کی رقم بینکوں میں سود پر رکھ کر کمائی ہوئی رقم کو حاجیوں کے مقدس فریضہ حج پر خرچ کرنے کے اقدام پر حاجیوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ حج سے 6 ماہ پہلے ہی رقوم وصول کرکے بینکوں میں رکھوا دینا حجاج سے نا انصافی ہے۔ حکومت اس جرم کا کفارہ کیسے ادا کرے گی؟ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پاسبان پبلک ایشوز کمیٹی کے ڈائریکٹر ابوبکر عثمان نے مزید کہا کہ سود کی لعنت اللہ اور رسول صلی الله علیہ وسلم کے احکامات کی خلاف ورزی اور کھلم کھلا اعلان جنگ ہے۔ حجاج کی پاکیزہ رقم میں سود شامل کرکے حج جیسے اہم فریضہ کو مشکوک بنانے کے جرم میں وزارت مذہبی امور برابر کی شریک ہے۔ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے سود نے ملکی معیشت کا جو حشر کیا ہے اس کو وزارت مذہبی امور کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ سرکاری حج پیکیج کو نہ نفع، نہ نقصان کی بنیاد پرمرتب کیا جائے اور پیکیج کی مجوزہ رقم وصول کرنے کے لئے 6 ماہ کے بجائے حج سے 2 ماہ پہلے درخواستیں وصول کی جائیں تاکہ بینک کے سود سے مقدس فریضہ کو پاک رکھا جاسکے۔ حاجیوں کی رقم چھ ماہ بینک میں رکھ کر سود حاصل کرنا اور پھر حاجیوں پر احسان جتلاتے ہوئے کہنا کہ حکومت حجاج کی خدمت کرتی ہے، سراسر دھوکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپیہ کی قدر پچھلے سال کے مطابق ہے اور موجودہ مہنگائی مقامی مارکیٹ میں مختلف تاجرانہ وجوہات کی وجہ سے ہے جس کا سفرحج سے کوئی تعلق نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی پر برہمی کا اظہار کیا ہے پھر اس سال کا سرکاری حج پیکیج گذشتہ سال کے مقابلہ میں مہنگا کیوں کیا جارہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہوائی جہاز کے کرایوں میں کمی کے لئے بین الاقوامی ایئرلائنوں سے ٹینڈر طلب کئے جائیں اور سفر حج سے واپسی میں حجاج کرام کو 50 کلو سامان لے جانے کی سہولت فراہم کی جائے۔ پچھلے سال سعودی حکومت نے 2 لاکھ حجاج کا کوٹہ فراہم کیا تھا۔ لہٰذا متوسط طبقہ کیلئے سرکاری کوٹہ کو بڑھا کر 65 فیصد کیا جائے۔ سفر حج میں سبسڈی بھی دی جائے کیونکہ حج پر سبسڈی سال میں ایک مرتبہ اور حجاج کی محدود تعداد پر دی جائے گی جو بڑھتی ہوئی آمدنی کی وجہ سے قومی خزانہ پر بوجھ نہیں ہوگی۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

کراچی میں کوالیفائر کا جوش عروج پر، ٹکٹس کی تفصیلات جاری

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 28 اپریل کو نیشنل بینک سٹیڈیم …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے