کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سول سوسائٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مزدوروں اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والوں کے مسائل کے حل کے لیے وہ متعلقہ اداروں سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جتنے بھِی بین الاقوامی معاہدے یا وعدے کیے ہیں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ وہ آج بدھ کے روز گورنر ہاؤس کراچی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیبر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ پائلر کے ایک وفد جس میں پائلر کے ڈائریکٹر کرامت علی اور جوائنٹ ڈائریکٹر ذوالفقار شاہ شامل تھے، ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔ پائلر کے وفد نے اس موقع پر صدر مملکت کو سول سوسائٹی اور مزدور تنظیموں کی جانب سے ایک میمورینڈم پیش کیا جس میں جی ایس پی سے متعلق بین الاقوامی معاہدات پر عمل درآمد پر زور دینےسمیت مزدوروں کے مسائل اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کو آزادی سے کام نا کرنے سمیت دیگر مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے۔ وفد نے وفاقی سطح پر کوئی مکینزم بنانے پر زور دیا تاکہ 18ویں ترمیم کے بعد بنائے گئے قوانین میں ہم آہنگی برقرا رہے۔ انہوں نے میڈیا ورکرز کو درپیش مسائل کی نشاندہی بھی کی اور حال ہی ایک صحافی کو پانچ سال کی سزا کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ صحافی نصراللہ کو کراچی پریس کلب پر سیکیورٹی کے اداروں کی جانب سے کیے گئے ریڈ کے دوران گرفتار کیا گیا جس کے بعد صحافیوں کے احتجاج کے نتیجے میں اس کی گرفتاری ظاہر کی گئی۔ جس کے تحت نصراللہ پرایک جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا تھا، اور چند روز پہلے مقامی عدالت نے ان کو جیل کی سزا سنائی ہے۔ کرامت علی نے صدر مملکت کو امراض قلب کے ہسپتال این آئی سی وی ڈی کو وفاق کے بجائے صوبائی حکومت کے تحت کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
![]()