مشکل معاشی حالات کے باوجود بزنس کمیونٹی کا تعاون قابل تحسین ہے۔ کمشنر ان لینڈ
ریونیو ایف بی آر ،، تمام صنعتوں کیلئے ٹیکسیشن کا یکساں نظام ہونا چاہیے، اعتماد کی بحالی کیلئے ٹیکس دہندگان کو مراعات دینا ہوں گی۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ڈاکٹر آفتاب امام نے کہا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں 20 فی صد زائد ٹیکس جمع ہوا ہے، معاشی مشکلات کے باوجود صنعت کار اور بزنس کمیونٹی بھرپور تعاون کر رہے ہیں جو لائق تحسین ہے، برآمد کنندگان کو 1 ارب سے زائد ریفنڈ جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر شخ عمر ریحان، چیئرمین و سی ای و کائٹ زبیر چھایا، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے ایف بی آر راشد احمد صدیقی، مسعود نقی، زاہد سعید، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت، نائب صدر سید واجد حسین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے کیلئے پہلے سے ٹیکس ادا کرنے والے بزنس مین اور شہریوں کو سہولیات اور مراعات دینے کی ضرورت ہے تاکہ نئے ٹیکس دہندگان کا بھی اعتماد بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر صحت مند مسابقت پیدا کرنے کیلئے صنعتوں کے لیے یکساں ٹیکس پالیسی ہونی چاہیے۔ زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ ٹیکس کلچر کو بہتر بنانے کے لیے نچلی سطح تک آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ راشد صدیقی کا کہنا تھا کہ صنعتیں چلیں گی تو ملک ترقی کرے گا اور اس کے لیے ریفنڈ کے اجرا کو فوری اور یقینی بنایا جائے کیوں کہ ہمارے لیے یہی رقم رننگ فنانس کی حیثیت رکھتی ہے۔ بعدازاں ڈاکٹر آفتاب امام نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہمارا اولین ہدف ہے تاہم اس سلسلے میں ادارے کے اندر بھی اصلاحات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی صورت حال کے باوجود گزشتہ برس کے مقابلے میں 20 فی صد زائد ٹیکس وصولی سے اندازہ ہوتا ہے کہ صنعت کار اور بزنس کمیونٹی بھرپور تعاون کر رہے ہیں، ٹیکس دہندگان کے اعتماد کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں جس کی جتنی بھی ستائش کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکس سسٹم سے متعلقہ مسائل کی نشاندہی کے لیے بزنس کمیوٹی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور آپ کی مدد ہی سے اس میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔ زاہد سعید کا کہنا تھا کہ معیشت کو دستاویزی شکل دینے کے سب بڑے حامی صنعت کار ہیں۔ مسعود نقی نے کہا کہ اسمگلنگ کے باعث پیدا ہونے والے مسائل پر بھی فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں کاٹی کے سابق صدور احتشام الدین، اکبر فارقی، شیخ باسط اکرم اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
![]()