سیالکوٹ (رپورٹ: سیدہ نزہت شہناز) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبہ جات میں کارکردگی اور سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے تمام وسائل مہیا کئے جائیں گے اورجہاں بہترین کارکردگی کے حامل افسران اور ملازمین کی حوصلہ افزائی اور ستائش کی جائے گی وہیں ناقص کارکردگی اور فرائض منصبی کی ادائیگی میں عدم دلچسپی کا اظہار کرنے والے عناصر کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ڈی سی کمیٹی روم میں محکمہ تعلیم اور صحت کے مقامی حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈی سی سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ ضلع سیالکوٹ کو صوبہ میں تعلیم کے اعتبار سے رینکنگ میں پہلے نمبروں پر لانے کیلئے سی ایم ایجوکیشن روڈ میپ کے انڈیکیٹرز کو بہتر کارکردگی دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا جائے اور ہر اسکول میں ماہانہ بچوں کے والدین اور استاتذہ کی میٹنگ کا انعقاد کیا جائے۔ ڈی سی سیالکوٹ نے ڈسکہ میں ایجوکیشن کے انڈیکٹرز کی بہتری پر انہیں شاباش دی اور تعریفی سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کا اعلان کیا۔ ڈی سی سیالکوٹ نے نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ سی ایم ہیلتھ ریفارمز روڈ میپ میں 99 فیصد تک کارکردگی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ اتھارٹی کو تمام وسائل مہیا کئے جائیں گئے۔ تمام بنیادی و دیہی مراکز صحت اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں او پی ڈی میں مریضوں کے معائنہ اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور سرکاری اوقات ِ کار میں ڈاکٹرز اور سٹاف کی 100 فیصدی حاضری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے اور اس سلسلہ میں غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے۔ بعد ازاں ڈی سی نے میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ اور سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے مقامی حکام نے بھی خطاب کیا اور شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے احکامات جاری کئے۔
![]()