Home / اہم خبریں / سنٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئیں، ناردرن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد خیبر پختونخوا کو 39 رنز سے شکست دی، سدرن پنجاب کے خلاف میچ ڈرا کرنے کے باوجود سنٹرل پنجاب کی فائنل میں رسائی

سنٹرل پنجاب اور ناردرن کی ٹیمیں قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گئیں، ناردرن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد خیبر پختونخوا کو 39 رنز سے شکست دی، سدرن پنجاب کے خلاف میچ ڈرا کرنے کے باوجود سنٹرل پنجاب کی فائنل میں رسائی

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ناردرن نے خیبرپختونخوا کو 39 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں خیبر پختونخوا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 205 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ذوہیب خان اور اسرار اللہ کی نصف سنچریاں بھی خیبر پختونخوا کو شکست سے نہ بچاسکیں۔ پہلی اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کرنے والے ناردرن کے کپتان نعمان علی نے دوسری اننگز میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل ناردرن نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 411 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ جواب میں خیبر پختونخوا کی پوری ٹیم 306 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ 105 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کی۔ دوسری جانب سنٹرل پنجاب اور سدرن پنجاب کے درمیان اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا میچ ڈرا ہوگیا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کے باعث سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ میچ کے آخری روز سنٹرل پنجاب کے اوپنر سلمان بٹ اور کپتان احمد شہزاد نے ناقابل شکست سنچریاں اسکور کیں۔ سلمان بٹ نے 158 اور احمد شہزاد نے 100 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کامران اکمل 47 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 205 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے دن کے اختتام پر 1 وکٹ کے نقصان پر 309 رنز بنالیے تھے۔ پہلی اننگز میں سنٹرل پنجاب کے 597 رنز کے جواب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 392 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔ جبکے ایک اور میچ میں بلوچستان اور سندھ کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا میچ بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ 44 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے 1وکٹ کے نقصان پر 181 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ بلوچستان کے اوپنر عمران بٹ نے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس سے قبل 471 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 515 رنزبناکر آؤٹ ہوئی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم نے میچ کے آخری روز سنچری اسکور کی۔ وہ 116 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بلوچستان کی جانب سے تاج ولی اور جلات خان نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے