کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں خیبر پختونخوا نے سنٹرل پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنالیے ہیں۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والی خیبر پختونخوا کی ٹیم کے اوپنرز نے ٹیم کو 97 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے 96 اور اسرار اللہ نے 51 رنز بنائے۔ دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہوتے ہی خیبر پختونخوا کا مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیا اور یکے بعد دیگرے کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔ سنٹرل پنجاب کے اسپنرز ظفر گوہر اور بلال کی آصف نےنپی تلی باؤلنگ کےمظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ خیبر پختونخوا کے آخری 7 کھلاڑی ٹیم کے مجموعے میں محض 72 رنز کا اضافہ ہی کرسکے۔ دن کے اختتام پر ظفر گوہر 4 اور بلال آصف 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرچکے ہیں۔ خیبر پختونخوا کی جانب سے محمد محسن اور خالد عثمان کھیل کے دوسرے روز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔ دوسری جانب یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں بلوچستان نے ناردرن کے خلاف پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنالیے ہیں۔ ناردرن کے کپتان نعمان علی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بلوچستان کی جانب سے عمران بٹ اور عظیم گھمن کے درمیان اوپننگ جوڑی کی شراکت 58 رنز پر اختتام پذیر ہوگئی۔ عظیم گھمن 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم دوسرے اینڈ سے اوپنر عمران بٹ کی مزاحمت جاری رہی۔ پیر کے روز بلوچستان کے اوپنرعمران بٹ نے ایونٹ میں تیسری سنچری اسکور کی۔ وہ 124 رنز بناکر نعمان علی کا شکار بنے۔ دن کے اختتام پر عمر گل 29 اور محمد اصغر بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود تھے۔ ناردرن کی جانب سے نعمان علی اور صدف حسین 3،3 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سدرن پنجاب نے سندھ کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنالیے ہیں۔ 49 رنز پر ابتدائی دو وکٹیں کھونے کے بعد ذیشان اشرف اور عبدالراحمٰن مزمل نے بلوچستان کے لیے 117 رنز جوڑے۔ عبدالرحمٰن مزمل 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو ذیشان اشرف نے صہیب مقصود کے ہمراہ اسکور کارڈ کو چلانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 115 رنز کی شراکت نے میچ میں سدرن پنجاب کی پوزیشن مستحکم کردی ۔ ذیشان اشرف 133 اور صہیب مقصود 81 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ عدنان اکمل 36 اورسلمان علی آغا 6 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔
![]()