ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ اسماعیل خان میں حکومتی ہدایات کے باوجود مہنگائی کا تناسب کم نہ ہوسکا، پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ناکام، ڈپٹی کمشنر کی کاوشیں بے سود، بااثر تاجر مہنگائی کم کرنے سے گریزاں، شہری حلقوں کا حکومت خیبر پختونخوا، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان شہر و گرد و نواح کے علاقوں میں مصنوعی مہنگائی نے غریب افراد کا جینا دو بھر کر دیا ہے۔ ڈیرہ شہر میں بااثر تاجروں نے سبزیوں کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کرکے مہنگائی کو فروغ دینے میں مصروف ہیں ٹماٹر، لہسن، ادرک، آلو، پیاز، بھنڈی، کدو، توری، ٹینڈے، کریلے، آلو سمیت دیگر تمام سبزیوں کے نرخ غریب عوام کی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں جبکہ پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔شہر میں سیب کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے۔ جبکہ اشیاء خورد و نوش کی قیمتیں بھی غریب آدمی کی پہنچ سے کوسوں میل دور ہوگئیں ہیں۔ ضلعی انتظامیہ بااثر تاجروں کے گوداموں کو چیک کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے جس کی وجہ سے بااثر تاجروں نے اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کرکے غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد سے جینے کا حق چھین لیا ہے، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان سے مطالبہ کیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر تاجروں کے گوداموں کو چیک کروایا جائے تاکہ گراں فروشی اور خود ساختہ مہنگائی کا خاتمہ ہوسکے۔
![]()