اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان نے تاریخی بابری مسجد کے فیصلے پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ ایک بار پھر انصاف کے تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ کے بابری مسجد کے فیصلے پر پاکستان کا باضابطہ ردعمل آگیا، ترجمان دفتر خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے کہا تھا کہ بھارتی عدالتیں فیصلوں میں انسانی حقوق کو مدنظر رکھیں جبکہ مقبوضہ کشمیر کےحوالے سے بھی بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے میں سست روی ہے۔ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے فیصلوں میں بھارت میں اقلیتوں کا خیال نہیں رکھا جاتا، بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں ہیں اور آج عدالتی فیصلے سے بھی بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو اپنے عقائد اورعبادت گاہوں میں خطرہ ہے، بھارت ہندوتوا کیلئے نظریئے کی پیروی اورہندو راشٹر کی تاریخ پر عمل پیرا ہے ایسے فیصلوں سے بھارت کے بڑے ادارے بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت میں انتہا پسندانہ نظریہ، ہندوؤں کی بالادستی اعتکاد پر مبنی ہے، بھارت کا طرز عمل علاقائی امن و استحکام کیلئے خطرہ ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت اپنے ملک میں بسنے والے مسلمانوں کے جان و مال حقوق اور املاک کا تحفظ یقینی بنائے جبکہ اقوام متحدہ بھارت میں انتہا پسند نظریئے کے خاتمے اور اقلیتوں کے مساوی حقوق یقینی بنائے۔
![]()