کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) چوتھی تین روزہ پاک واٹر اینڈ انرجی (پی ڈبلیو ای) نمائش و کانفرنس اْج (پانچ نومبر 2019) سے ایکسپو سینٹر کراچی میں شروع ہو گی۔ وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی وقارمہدی ایکسپو سینٹر میں فیتا کاٹ کر نمائش کا افتتاح کریں گے۔نمائش میں امریکہ، فرانس، جرمنی، ترکی، چین، تائیوان اور ملائیشیا سے بھی کمپنیاں شریک ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق یہ نمائش سات نومبر 2019 تک پرائم ایونٹ مینجمنٹ کے تحت جاری رہےگی۔ نمائش میں اندرون و بیرون ملک سے 60 سے زائد کمپنیاں اسٹالز لگاکر اپنی جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعات کی نمائش کریں گی۔ اس ایونٹ کے دوران مہران انجینئرنگ یونیورسٹی کے تحت یو ایس پاکستان سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈیزان واٹر کے تعاون سے تین روزہ کانفرنس بھی منعقد ہو گی۔ ڈائریکٹر پرائم ایونٹ مینجمنٹ کامران عباسی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ پاک واٹر اینڈ انرجی ایکسپو پانی اور توانائی کے شعبوں کے لیے مختص ہے جو مضبوط معاشی ترقی، عوامی فلاح اور ملکی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
![]()