کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ڈپٹی کمشنر ساؤتھ صلاح الدین نے کہا ہے کھیلوں کے میدان آباد ہونگے تو جرائم میں کمی واقع ہوگی، نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے والی تنظیموں کی دل سے قدر کرتا ہوں۔ صحت مند معاشرے کا وجود آج کے دور کی اہم ضرورت بن گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے السید اسپورٹس کمیٹی کے وفد سے گفتگو میں کیا جس نے گزشتہ روز ان سے کمشنر کراچی کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں سرپرست کمیٹی پروفیسر سراج السلام بخاری سابق سیکریٹری کے سی سی اے، علامہ عبدالخاق فریدی، عبدالماجد شاہ، محبوب عالم اور کوچ اکرام اللہ شامل تھے۔ اس موقع پر عبدالماجد شاہ اور محبوب عالم نے ڈی سی ساؤتھ صلاح الدین کو کمیٹی کی سرگرمیوں کے حوالے سے بتایا کہ حال ہی میں ہم نے کراچی پریمیئر لیگ کا انعقاد کیا جبکہ نومبر کے آخر میں ہم آل کراچی السید ٹی ٹوئینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ ہماری کمیٹی کے صدر محمود صدرو کی خواہش ہے کہ نیو فروٹ منڈی کے علاقہ میں بھی کھیلوں کی سرگرمیاں مستقل بنیاد پر جاری رہیں لیکن مناسب جگہ نہ ہونے کی وجہ سے وہاں یہ ممکن نہیں ہورہا تاہم انہوں نے کہا ہمارا مقصد نوجوان نسل کو منفی سرگرمیوں سے بچانا ہے اس لیے ہماری اسپورٹس کمیٹی فعال کردار ادا کرتی رہے گی۔ ہم اپنے سرپرست پروفیسر سراج السلام بخاری اور کوارڈینٹر اکرام بھائی کے شکر گزار ہیں جو ہمارے مشن کی تکمیل میں ہمارے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ جواب میں ڈپٹی کمشنر ساؤتھ صلاح الدین نے کہا کہ میں آپ لوگوں کے جذبے کی دل سے قدر کرتا ہوں۔
![]()