لاہور (سپورٹس ڈیسک) بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کے 553 رنز کے جواب میں بغیر کسی نقصان کے 150 رنز بنالیے ہیں۔ بلوچستان کی جانب سے عمران بٹ اور عمران فرحت نے 341 رنز کے مجموعے سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کیا تو عمران فرحت 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ چوتھی وکٹ کے لیے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 256 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم عمران بٹ نے دوسرے اینڈ سے مزاحمت جاری رکھی اور شاندار ڈبل سنچری اسکور کی۔ 387 گیندوں کا سامنا کرنے والے عمران بٹ نے18 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 214 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین بسمعہ اللہ خان نے 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ بلوچستان کے کپتان عمران فرحت نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 553 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ خیبرپختونخوا کے اسپنر ساجد خان نے 3 اور فاسٹ باؤلر عمران خان سینئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں صاحبزادہ فرحان اور اسرار اللہ پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے خیبرپختونخوا کو 150 رنز کا آغاز فراہم کردیا ہے۔ کپتان صاحبزادہ فرحان 72 اور اسرار اللہ 71 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔ دوسری جانب جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں سدرن پنجاب نے ناردرن کے 550 رنز کے جواب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 102 رنز بنالیے ہیں۔ کھیل کے دوسرے روز 384 رنز سے ناردرن کی پہلی اننگز کاآغاز کرنے والے ذیشان ملک اور عمر امین اپنے انفرادی اسکور میں بالترتیب 12اور 3 رنزکا اضافہ کرنے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ ناردرن کرکٹ ٹیم نے مڈل آرڈر بیٹسمین فیضان ریاض کے 83 اور کپتان روحیل نذیر کے ناقابل شکست 44 رنز کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 550 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔ سدرن پنجاب کی جانب سے راحت علی نے 3 اور محمد عباس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں شان مسعود اور سمیع اسلم پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے سدرن پنجاب کو 98 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ کپتان شان مسعود 58 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سمیع اسلم 42 اور عمر صدیق 2 اسکور بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
ادھر اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سندھ نےسنٹرل پنجاب کے 313 رنز کے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنالیے ہیں۔ کھیل کے دوسرے روز فہیم اشرف اور احسان عادل نے 263 رنز سے سنٹرل پنجاب کی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 59 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف کے ناقابل شکست 52 رنز کی بدولت میزبان ٹیم 300 رنز سے زائد رنز کا مجموعہ اسکور کرنے میں کامیاب ہوئی۔ سنٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 95.5 اوورز میں 313 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سندھ کی جانب سے اسپنر کاشف بھٹی نے 3 جبکہ میر حمزہ، سہیل خان اور تابش خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سندھ کی جانب سے پہلی اننگز کا آغاز متاثر کن نہ رہا اور محض 72 رنز پر ابتدائی 4 کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ سنٹرل پنجاب کے 16 سالہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے تجربہ کار خرم منظور، عابد علی اور عمیر بن یوسف کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسد شفیق کو فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔ پانچویں وکٹ کے لیے فواد عالم اور سعد علی نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ کے دوسرے روز نصف سنچریاں اسکور کرنے والے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 124 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوچکی ہے۔ دن کے اختتام پر فواد عالم 78 اور سعد علی 60 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
![]()