ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈیرہ اسماعیل خان میں سبزی و فروٹ منڈی گندگی اور غلاظت کے باعث شہریوں کیلئے وبال جان بن گئی شہری بدبو اور تعفن سے شدید پریشان، میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران صفائی کروانے میں بری طرح ناکام، عوامی سماجی حلقوں نے سبزی منڈی میں صفائی کا نظام بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ سبزی و فروٹ منڈی کی حالت زار ناگفتہ بہ ہے اس کے چاروں اطراف گندگی اور غلاظت کے ڈھیر لگے رہتے ہیں گندگی سے اٹھنے والے تعفن سے منڈی میں خریداری کے لئے آنیوالے گاہکوں کو موذی امراض لاحق ہونے کے خدشہ بڑھ گیا ہے، منڈی سے ملحقہ علاقے اور سکول کے طلباء و طالبات شدید مشکلات سے دوچار ہیں، میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران نے منڈی میں پھیلنے والی گندگی کے حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ گندگی کے انبار، غلاظت، بدبو میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کو منہ چڑھا رہی ہے جو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کی بجائے وقت گزارنے کی پالیسی پر گامزن ہیں شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، میونسپل کمیٹی کے حکام سے سبزی منڈی میں صفائی ستھرائی کے مناسب اقدامات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
![]()