میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) چہلم حضرت امام حسینؓ کے حوالے سے ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ کی جانب سے ایس ایس پی آفس میرپورخاص میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام ماتمی جلوسوں و مجالس کے منتظمین اہل تشیع مکتب فکر کے نمائندگان و علمائے کرام نے شرکت کی اور چہلم امام حسینؓ کے موقع پر سکیورٹی پلان کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور سفارشات پیش کی گئیں۔ اس حوالے سے ایس ایس پی میرپورخاص جاوید بلوچ کا کہنا تھا کہ چہلم امام حسینؓ کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کیئے گئے ہیں۔ تاہم کسی شخص کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہوگی بصورت دیگر اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائیگا۔ ایس ایس پی میرپورخاص نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوے کہا کہ چہلم امام حسینؓ کے دوران ماتمی جلوسوں، مجالس اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کیئے گئے ہیں جس میں پولیس کے ساتھ ساتھ پاکستان رینجرز اور رضاکار بھی امن امان اور فول پروف سکیورٹی کے لیے ڈیوٹی سرانجام دینگے۔ ایس ایس پی میرپورخاص نے علماء کرام سے چہلم امام حسینؓ کے دوران سیکیورٹی، امن امان اور پیش آنے والے مسائل سنے اور بروقت ضروری ہدایات بھی جاری کیں اور یقین دہانی کرائی کہ چہلم امام حسینؓ کے دوران مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اس دوران ایس ایس پی نے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز کو محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے لئے تشکیل دیے گئے پلان سے آگاہ کیا اور سخت احکامات دیتے ہوئے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو فل پروف اور سخت سیکیورٹی کی ہدایات بھی جاری کیں۔مجالس اور جلوسوں میں شرکاء کی جامع تلاشی لینے حساس جگہوں اور ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی ہدایات بھی جاری کی گئیں تاہم عورتوں کی تلاشی کے لئے لیڈی سرچر پولیس کانسٹیبل اور لیڈی رضا کار تلاشی کے فرائض انجام دینگی۔ اور تمام افسران ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقے کے جلوس و مجالس کے منتظمین و علمائے کرام سے رابطہ میں رہینگے۔
![]()