میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) پڑھے لکھے طلبہ و طالبات ریاست کے امین ہیں، تعلیم ہمارے ملک اور آنے والی نسلوں کی بقا کی ضامن ہے کیونکہ علم جہالت کے اندھیرے میں روشنی کی کرن ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن عبدالغفار راجپوت، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری نیب راج، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر جمن مری، این سی ایچ ڈی کے غلام سرور زرداری، سماجی تنظیم کے شہزادو ملک کی قیادت میں 8 ستمبر عالمی یوم خواندگی کے موقع پر محکمہ تعلیم میرپورخاص کی جانب سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول سے میرپورخاص پریس کلب تک نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مقررین نے مزید کہا کہ معاشرے کی ترقی کا دارومدار شعور کی آگاہی پر ہوتا ہے اور تعلیم ہی شعور اجاگر کرنے کا واحد ذریعہ ہے ، انسانی تاریخ ایسی قوموں کے حالات و واقعات کا مجموعہ ہے جنہوں نے اپنے دور میں دیگر قوموں سے اپنے آپ کو علمی طور آگے رکھا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی یوم خواندگی کا دن منانے کا مقصد خواندگی کی شرح میں اضافہ کرنا ، تعلیمی معیار بہتر کرنا، اسکولوں سے باہر بچوں کو اسکولوں میں داخل کروانا اور لوگوں میں تعلیم کے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے ۔ ریلی میں محکمہ تعلیم کے افسران نسیم اختر، اعجاز ببر، ساجد راؤ، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور عام شہری بڑی تعداد میں موجود تھے.
![]()