کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور نے ایم کیوایم کے رکن قومی اسمبلی امین الحق کی جانب سے صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی ، تنخواہوں میں کٹوتی اور میڈیا ہاوسز کو اشتہارات کے مد میں رقم کی ادائیگی کو صحافیوں کی تنخواہوں سے مشروط کرنے کے معاملے کو ایوان میں اٹھانے پر مبارک باد پیش کی ہے ، اپنے ایک بیان میں کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر طارق ابوالحسن اور جنرل سیکریٹری محمد عارف خان نے رکن قومی اسمبلی امین الحق کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دیگر سیاسی جماعتیں بھی ان کے موقف کی حمایت کریں گی اور قومی اسمبلی میں اس معاملے پر بحث کے لئے باقائدہ وقت مقرر کیا جائے گا ، کے یو جے دستور کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کی کئی کئی ماہ سے عدم ادائیگی ، جبری بر طرفی اور تنخواہوں میں بلا جواز کٹوتی نے صحافیوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا، رمضان المبارک اور عید کے موقع پر بھی تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے میڈیا انڈسٹری سے جڑے کارکن بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں ، رہنماوں نے امید ظاہر کی کہ قومی اسمبلی اور دیگر منتخب ایوانوں میں سیاسی رہنماوں اور منتخب نمائیندوں کی جانب سے صحافیوں کے حقوق اور انکے مسائل کے حوالے سے آواز بلند ہونے سے عامل صحافیوں اور میڈیا انڈسٹری سے جڑے کارکنوں کے مسائل حل ہوں گے۔
![]()