کوالالمپور (رپورٹ: عامر وقاص چوہدری) ملائیشیا میں عید سے قبل ہی پاکستانی اسیروں کی عید ہوگئی۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ملائیشیا کی جیلوں میں قید پاکستانیوں جن کی اکثریت ویزہ یا ورک پرمٹ ختم ہونے کی وجہ سے گرفتاریاں ہوئی تھیں ان کو عیدالفطر سے قبل واپس پاکستان لانے کے احکامات دیے تھے جس پر سفارت خانہ پاکستان ملائیشیا نے گرفتار ہونے والے پاکستانی قیدیوں کے لئے انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ ملائیشین وزارت داخلہ اور ملائیشین امیگریشن سے رابطے کرتے ہوۓ قیدیوں کی رہائی اور ان کے ضروری سفری دستاویز کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ آج پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کا خصوصی طیارہ ملائیشیا کی جیلوں میں اپنی سزا مکمل کرنے والے 320 پاکستانی کو لینے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے کوالالمپور ایئر پورٹ پہنچا۔ ملائیشیا کے کوالالمپور انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر سفارت خانہ پاکستان کے افسران، ملائیشیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد اپنے پاکستانی اسیر بھائیوں کی قید سے رہائی کی خوشی میں وہاں موجود تھی جبکہ قید سے رہائی پانے والے 320 پاکستانیوں کی خوشی انتہائی دیدنی تھی قید سے رہائی پانے والوں نے پاکستان کا سر سبز ہلالی پرچم ہاتھوں میں تھام کر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاۓ وزیر اعظم عمران خان زندہ باد، سفارت خانہ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ قید سے رہائی پانے والے قیدیوں کا کہنا تھا کہ ہم کو لگ رہا ہے کہ آج ہی ہماری عید ہے اور ہم وزیر اعظم پاکستان کے انتہائی مشکور ہیں جنھوں سے ہمارے مسائل اور دکھ کو سمجھا اور ہماری رہائی کو ممکن بنایا۔ ہم حکومت پاکستان، وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وزیر اعظم کے مشیر براۓ سمندر پار پاکستانی زلفی بخاری، سفارت خانہ پاکستان کے تمام افسران اور پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا۔
![]()