کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان رینجرز (سندھ) نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کیا۔ رینجرز نے مبینہ ٹاؤن، سرسید اور مدینہ کالونی کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان یٰسین، عامر جان اور مصطفی نیازی عرف مُستی کو گرفتار کیا جو ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز، لوٹ مار، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور منشیات فروشی میں ملوث ہیں۔ جبکہ دوسری کاروائی میں بوٹ بیسن اور سر سید کے علاقوں میں 4 ملزمان ارباز خان، شمس الرحمن عرف کاکو، محمد عامر عرف عامر اور محمد فیضان عرف مغل کو گرفتار کیا جومنشیات فروشی میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ،ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی بر آمد کرلی گئی ہے اور تمام ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ تیسری کروائی میں اندرون سندھ پانی چوری کے خلاف آپریشن کرتے ہوۓ اندرون سندھ ڈسٹرکٹ بدین کے علاقے ماتلی میں امام واہ جاگیر کینال آر ڈی-85 کے ایریا میں پانی چوری کے لیے لگائے گئے غیر قانونی کنکشنز، موگھے اور نکوں کے خلاف محکمہ آبپاشی اور پولیس کے ساتھ مشترکہ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 25 کلو میٹر نہری علاقے کے 12 مقامات سے پانی کے غیرقانونی کنکشن، موگھے اور نکوں کو ہٹایا گیا جبکہ پانی چور ی میں ملوث 8 افراد کے خلاف متعلقہ تھانے میں ایف آئی آر درج بھی کروائی گئی۔علاقے کے کاشت کاروں نے محکمہ آبپاشی، رینجرز اور پولیس کے اس اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔
![]()