کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ماہرین کے ذریعے سے ایک ایسی موبائل اپلیکیشن تیار کر رہے ہیں جس سے عوام براہ راست چاند دیکھ سکیں گے جبکہ 15رمضان تک قمری کلینڈر تیار کرلیا جائے گا جس کا اطلاق عید کے چاند پر بھی ہوگا۔ جامعہ کراچی ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) میں سائنس اور ٹیکنالوجی پر مبنی معیشت کے قیام کے لیے وزیر اعظم کی قائم کردہ ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا۔ بعد ازاں ڈاکٹرعطاء الرحمٰن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کی شکل میں صرف ایک ہی لیڈر ہے اب کوئی ناراض ہو یا صلح کرے، اپوزیشن کو وقت گزارنا سیکھنا چاہیے ہم پانچ سال پورے کریں گے، اپوزیشن اس وقت روٹھی ہوئی ساس کا کردار ادا کر رہی ہے، اسے سمجھنا چاہیے کہ پارلیمنٹ چلے گی توحکومت اور اپوزیشن دونوں کا فائدہ ہے، وہ پاکستان کے آئین اورعمران خان کو وزیر اعظم تسلیم کرے، اپوزیشن معیشت پر”مگر مچھ کے آنسو“بہا رہی ہے اسحاق ڈار،خواجہ آصف، مفتاح اسماعیل اور بلاول بھٹو زرداری معیشت پر بات کرتے اچھے نہیں لگتے انھی لوگوں نے معیشت کو ڈبویا ہے۔
![]()