کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی کورنگی مہران ٹاؤن سیکٹر 6۔سی کے مکینوں کا کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں موجود بدعنوان افسران اور علاقہ پولیس کی سرپرستی میں سرگرم بھتہ خوروں و قبضہ مافیا کے خلاف کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا، ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کی جانب سے قبضہ مافیا اور سرپرستی میں ملوث رشوت خور پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی، یقین دہانی کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی مہران ٹاون سیکٹر 6۔سی کے مکینوں نے علاقے میں عرصہ دراز سے سرگرم قبضہ مافیا اور اس کے سرپرستوں کے خلاف کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا ان کے ہمراہ خوتین و بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی، اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ گذشتہ 25 برس سے وہاں مقیم ہیں اور انھوں نے سیل ایگریمنٹ پر پلاٹ خرید کر مکان تعمیر کروائے جبکہ بجلی اور گیس کے میٹر بھی ان کے نام سے لگے ہوئے ہیں تاہم اس کے باوجود کے ڈی اے میں موجود بدعنوان افسران و اہلکاروں نے خطیر رقم بطور رشوت وصول کرنے کے بعد قبضہ مافیا کو جعلی فائل بناکر دے دی ہے جبکہ قبضہ مافیا کے کارندے تھانہ کورنگی صنعتی ایریا پولیس کے ایس ایچ او اور دیگر عملے کو بھی بھاری رشوت کے عوض خرید لیتے ہیں اور پولیس اہلکاروں کی مدد سے ان کے مکانوں پر قبضہ کرلیا جاتا ہے، یہ مکروہ دھندہ گذشتہ کئی برس سے جاری ہے، جس کے دوران ہزاروں محنت کشوں کی املاک پر قبضہ کر لیا گیا ہے جبکہ سینکڑوں بے گناہ افراد کو جھوٹے مقدمات میں نامزد کرکے جیل بھیجا جاچکا ہے، قابل ذکر بات تو یہ ہے کہ علاقہ مکینوں نے لیز کے حصول کے لئے مقدمہ داخل کیا ہوا ہے جبکہ عدالت کی جانب سے کے ڈی اے، علاقہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو قانونی نوٹس بھی جاری کیے جاچکے ہیں تاہم کے ڈی اے اور تھانہ کورنگی صنعتی ایریا میں تعینات اہلکار عدالتی احکامات کی دھجیاں بکھر رہے ہیں، مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ علاقے میں تعینات ایس ایچ او اورنگزیب خٹک قبضہ مافیا سے لاکھوں روپے رشوت لے کر علاقہ مکینوں کو اپنے مکان خالی کرنے پر مجبور کر رہا ہے، جس کے احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے افراد کو خواتین سمیت تھانے میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور جعلی مقدمات میں نامزد کرنے کی دھمکیاں دے کر ان کی املاک پر قبضہ کیا جارہا ہے، مظاہرین نے وزیر اعظم پاکستان، چیف جسٹس، آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی سمیت دیگر ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ ان کی املاک پر قبضے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کے ڈی اے اور علاقہ پولیس میں تعینات بدعنوان افسران کو ملازمتوں سے برطرف کیا جائے، دوسری جانب ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ نے قبضہ مافیا کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرے کی اطلاع ملنے پر متاثرین کو مذاکرات کے لئے اپنے دفتر میں طلب کر لیا اور انہوں اس ضمن میں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی، جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے، ملاقات کرنے والی 5 رکنی کمیٹی کا اس ضمن میں کہنا تھا کہ انہوں نے ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ پر مکمل یقین ہے اور امید کی جاتی ہے کہ کورنگی مہران ٹاؤن میں سرگرم عمل قبضہ مافیا اور ان کے سرپرستوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
![]()