کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ملک بھر میں آج قومی جوش و جذبے سے یوم پاکستان منایا جارہا ہے، یہ دن 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔ رواں برس آج کے دن کی اہمیت بھارتی جارحیت اور پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب کے باعث دوچند ہوگئی ہے۔ آج کے دن کی مناسبت سے ملک کے تمام سرکاری اور نجی ریڈیو اسٹیشنز اور ٹی وی چینلز یوم پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی پروگرام نشر کررہے ہیں۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد ملک کی بقا اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ، اس کے علاوہ ملک میں آباد دیگر اقلیتی برادریوں کی عبادت گاہوں میں دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
![]()