راولپنڈی (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے اموری میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی ایران کے 4 مغوی فوجیوں کو لے کر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے انہیں بازیاب کرالیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں اموری کے مقام پر خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، آپریشن پاک افغان بارڈر سے 3 سے 4 کلومیٹر دور کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم کے دہشتگرد ایرانی فوجی اہلکاروں کو اغواء کر کے افغانستان کے راستے پاکستان میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی اور فائر نگ کے تبادلے کے بعد دہشتگردوں کی خفیہ پناہ گاہ سے چار ایرانی مغوی اہلکار بازیاب کروالیے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چاروں بازیاب ایرانی فوجی اہلکاروں کو ایرانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
![]()