کراچی, (رپورٹ، ذیشان حسین) وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ 30 نومبر کو پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر نشتر پارک میں جلسہ منعقد ہوگا، جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ جلسہ کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے اور اس سسلسلہ میں شہر بھر میں استقبالیہ کیمپ اور بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔ یوم تاسیس کی تقریبات ملک بھر میں منعقد ہوں گی۔ حالیہ بلدیاتی ضمنی انتخابات میں کراچی سے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی پر کراچی کے عوام کے شکر گزار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز پیپلز سیکرٹریٹ میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلٰی سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و ڈسٹرکٹ سائوتھ کے صدر جاوید ناگوری، پیپلز پارٹی خواتین ونگ کراچی کی صدر ڈاکٹر شاہدہ رحمانی، راجہ رزاق، مرزا مقبول، محمد آصف خان، شکیل چوہدری، تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز، پیپلز پارٹی کے تمام ٹاؤنز کے چیئرمینز، ذیلی تنظیموں کے عہدیداران و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں 30 نومبر کو نشتر پارک میں پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے حوالے سے منعقد ہونے والے جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں یوم تاسیس کے سلسلے میں نشتر پارک میں جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے، انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ جلسے کی تیاریاں زور و شور سے شروع کی جارہی ہیں اور یوم تاسیس کے حوالے سے منعقد ہونے والے جلسہ کے لئے شہر بھر میں استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے اور بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ اس بار کراچی کے عوام نے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں ساتھ ہی کراچی ڈویژن، تمام ڈسٹرکٹ کی تنظیموں اور ٹائونز و تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران و کارکنان کو بلدیاتی ضمنی انتخابات میں بھرپور کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلٰی سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت کراچی کے مسائل کو ہر صورت ترجیعی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس شہر اور صوبے کے عوام کی نمائندہ اور واحد سیاسی جماعت صرف اور صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔ اجلاس کے آغاز پر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، شہید میر مرتضی بھٹو، شہید شاہنواز بھٹو اور دیگر شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔