کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں یوم خواتین کے حوالے سے پروگرام کا انعقاد۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں میڈیا سیل کے تحت یوم خواتین کے حوالے سے ڈسکشن فورم کا انعقاد کیا گیا۔ فورم میں ویمن چیمبر آف کامرس کی صدر شایان ملک، صحافی شہناز رمزی، معروف مصنفہ تہمینہ عزیز، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی ڈین آف سرجری پروفیسر صغریٰ پروین، وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر لبنی بیگ نے کام کرنے والی خواتین کے نقطہ نظر کے بارے میں گفتگو کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شایان ملک کا کہنا تھا کہ خاتون ہونے کے ناطے انھیں ذاتی کاروبار شروع کرتے ہوئے مردوں کی جانب سے بھی مکمل تعاون حاصل رہا اور انھیں کبھی خاتون ہونے کی وجہ سے کسی منفی امتیازی سلوک کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ تہمینہ عزیز صاحبہ نے اس موقع پر خواتین کو ہمت کے ساتھ آگے بڑھنے اور کسی کے منفی رویے کی پرواہ نہ کرنے کی تلقین کی اور ساتھ ہی بیگم رعنا لیاقت علی خان پر لکھی اپنی کتاب کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔صحافی اور پبلک ریلیشنز کی ماہر شہناز رمز ی نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ جس زمانے میں انھوں نے ٹیلیویژن میں قدم رکھا خواتین کا اس شعبے میں آنا معیوب خیال کیا جاتا تھا تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس سوچ میں تبدیلی آئی ہے اور اب خواتین کی بڑی تعداد میڈیا میں کام کررہی ہے۔جے ایس ایم یو کی ڈین آف سرجری پروفیسر صغری پروین نے اس موقع پر بتایاکہ سرجری کے شعبے میں خواتین پہلے کم تعداد میں ہوتی تھیں مگرانہیں خاندان اور ساتھی مرد حضرات کی مکمل مدد حاصل رہی اور اب اس صورتحال میں مزید بہتری آئی ہے ۔وائس چانسلرپروفیسرطارق رفیع اور پرو وائس چانسلر پروفیسر لبنی بیگ نے اس موقع پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور میڈیا سیل کی اس کاوش کو سراہا۔
![]()