ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد غوری) جماعت اسلامی ٹنڈو آدم کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج کی حمایت میں پریس کلب ٹنڈوآدم کے سامنے ایک بڑا مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماؤں عبدالعزیز غوری، مشتاق احمد عادل، حاجی نور حسن اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے دو طیارے تباہ کرکے اس کا جنگی جنون ختم کردیا ہے اور اگر دوبارہ بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو قوم کا بچہ بچہ اپنی پاک فوج کے ساتھ مل کر دشمن کا مقابلہ کریگا۔ انھوں نے کہا کہ دفاع وطن کے لیے پوری قوم ایک ہے، ہم متحد ہوکر بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جماعت اسلامی بھارتی جارحیت کے خلاف ہر دور میں سینہ سپر رہی ہے اور ہر محاذ پر دفاع وطن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی پر پابندی لگا کر آزادی کی تحریک کو دبانے کی کوشش کی ہے مگر بھارت کو ہر جگہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا کیونکہ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پائلٹ حسن صدیقی جیسے شاہین ہماری تربیت کا نتیجہ ہیں۔ پاک فوج بالخصوص پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بعد ازاں مظاہرین ریلی کی شکل میں شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے محمدی چوک پر پہنچے جہاں ریلی پرامن طور پر اختتام پذیر ہوگئی۔
![]()