کراچی(رپورٹ: ذیشان حسین) تحریک لبیک پاکستان یوٹرن کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہم اصولوں اور نظریات کی سیاست کرتے ہیں، مدینہ کی ریاست بنانے والے کا دعویٰ کرنے والے یوٹرن لے چکے ہیں، ریاست مدینہ کیسے بنتی ہے، یہ بات شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی سے معلوم کی جائے، عید میلاد کی بڑی رات ہر مسجد سے ایک ہی پیغام جاری کیا جائے کہ آسیہ ملعونہ گستاخ ہے اور گستاخوں کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار امیر سندھ علامہ غلام غوث بغدادی نے اتوار کو تجدید عہد وفا کانفرنس بسلسلہ میلاد خاتم النبیین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حکیم سعید گراؤنڈ میں تجدید عہد وفا کانفرنس میں تحریک لبیک پاکستان کے قائدین، اراکین سندھ اسمبلی، عہدیداران اور ہزاروں کارکنان نے شرکت کی۔ علامہ غلام غوث بغدادی نے مزید کہا کہ کل تک ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ روکنے کا کریڈٹ لینے والے اپنے ملک میں گستاخوں کو رہا کرنے کی باتیں کرنے لگے ہیں۔ ہم خوش نصیب ہیں کہ ہم کو شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی جیسا قائد ملا۔ علامہ خادم حسین رضوی اپنی ایمانی طاقت سے پوری دنیا کے کفر کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ہم ناموس رسالت کے معاملے پر ہرگز پیچھے نہیں ہٹیں گے، ایف آئی آر، مقدمات کی دھمکیوں سے ڈر کر اپنے موقف پر سمجھوتا نہیں کریں گے۔ امیر کراچی علامہ رضی حسینی نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا انداز سیاست باقی جماعتوں سے جداگانہ ہے، ہم سیٹ، وزارت، پلاٹ، پرمٹ، ٹھیکوں کی سیاست نہیں کرتے۔ علامہ خادم رضوی کی سیاست اصول کی سیاست ہے، یوٹرن کی سیاست نہیں۔ ہم ناموس رسالت پر پہرے داری کرتے ہیں اور اس بات پر یوٹرن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ آج ہم عہد کرتے ہیں کہ ناموس رسالت کی خاطر کسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے، دوٹوک الفاظ میں بتاتے ہیں کہ ناموس رسالت کے مسئلے پر کسی سے کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا۔ کسی کو ٹی ایل پی کی انکوائری کی ضرورت نہیں، حکومت جاکر پہلے چور، ڈاکو، کرپٹ پارٹیوں کی انکوائری کرے، علامہ رضی حسینی نے فیض آباد اور نیو کراچی کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیض آباد رہتی دنیا تک بھلایا نہ جاسکے گا۔ وہاں علامہ خادم رضوی کے کارکنوں نے عزیمت کی ایک شاندار تاریخ رقم کی۔ لیاری سے منتخب رکن سندھ اسمبلی یونس سومرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے اپنا ہاتھ علامہ خادم حسین رضوی کے ہاتھ میں دے دیا ہے، مجھے فخر ہے کہ میں ٹی ایل پی کا ادنی کارکن ہوں، ناموس رسالت کی خاطر اپنی جان، مال، اولاد، گھر بار کی قربانی سے گریز نہیں کریں گے، سندھ اسمبلی میں ٹی ایل پی کے 3 نمائندے لبرل پارٹیوں کے 300 اراکین پر بھاری ہیں، تحریک لبیک واحد سیاسی مذہبی جماعت ہے جو ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کررہی ہے اور وقت آنے پر جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت بھی کرے گی، جب دین تخت پہ آئے گا، عوام کے سب مسئلے حل ہوجائیں گے، میڈیا تحریک لبیک سے متعلق بد دیانتی کر رہا ہے، تحریک لبیک سے متعلق منفی، یکطرفہ اور جھوٹا پروپیگنڈا بند کیا جائے، پہلے سنی صرف ربیع الاول میں باہر نکلتے تھے، اب سارا سال ہی میدان عمل میں ہوتے ہیں۔
![]()