کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ آرٹس ریگولر کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا، طالبات کی سبقت برقرار، نتائج کا تناسب انتہائی کم رہا- اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نےانٹر میڈیٹ آرٹس گروپ کے نتائج برائے 2018 کا اعلان کردیا- ان نتائج میں بھی طالبات کی سبقت برقرار رہی لیکن تناسب انتیس فیصد رہا- نتائج کےمطابق بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی حبہ ابوذر نے 1100 نمبرز میں سے 908 نمبرز اے ون گریڈ حاصل کرتے ہوئے پہلی پوزیشن جبکہ سرسید گورنمنٹ گرلز کالج ناظم آباد کی عائشہ رشید نے 891 نمبرز لیکر دوسری پوزیشن اور ڈی اے ڈگری کالج فارویمن فیز ایٹ کی کنزیٰ اعجاز نے 888 نمبرز حاصل کرتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ناظم امتحانات عظیم احمد کےمطابق آرٹس ریگولر کے سالانہ امتحانات برائے 2018ء میں 14543 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جس میں سے 14041 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 4126 امیدوار کامیاب قرار پائے اس طرح کامیابی کا تناسب 29.39 فیصد رہا۔ کامیاب ہونے والے طلباء میں سے 13 اے ون گریڈ، 160 اے گریڈ، 780 بی گریڈ، 1581 سی گریڈ، 1445 ڈی گریڈ جبکہ 147 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔
![]()