کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت بھارتی جارحیت، انتہاپسندی اور معصوم شہریوں پر حملے اور پاک فوج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب کے حوالے سے کراچی پریس کلب کے باہر یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے کہا کہ مودی بھارتی نہیں بلکہ بین الاقوامی دہشتگرد ہے لیکن اس نے پنگا پاکستان سے لے کر بہت بڑی بھول کی ہے۔ آج تمام سیاسی جماعتیں تمام سیاسی اور نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک ایجنڈے پر یہاں جمع ہے اور ہم بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ کسی بھی انسان کا خون بہے لیکن جب پاکستان کی بات ہوگی تو ہم کسی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گے۔ یکجہتی ریلی سے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی، صوبائی وزیر بلدیات و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی، ایم کیو ایم سے افتخار عالم، مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر نیاز خاصخیلی، عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید، مسلم لیگ نون کے علی اکبر گجر، جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ یکجہتی ریلی میں پاکستانی باکسر شہیر آفریدی اور عثمان باکسر بھی موجود تھے، جنہوں نے چند روز قبل دو علیحدہ علیحدہ مقابلوں میں بھارتی باکسرز کو شکست دی تھی۔ یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی نے کہا کہ آج نون لیگ، ایم۔کیو ایم، جماعت اسلامی، ق لیگ سمیت تمام جماعتیں یکجہتی کے لئے اکٹھی ہیں۔ جب بات ہمارے ملک کے تحفظ کی ہو تو ہم ایک قوم بن کر ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کہ قصائی نے ایک بزدلانہ ڈرامہ رچایا 22 اپریل کو تہلگام میں دہشتگردی کے واقعہ کی 10 منٹ میں الزام پاکستان پر لگایا۔ ہم نے کہا کہ ہم کسی بھی قسم۔کی دہشتگردی کو فروغ نہیں دینا چاہتے اور ہندوستان میں دہشتگردی کی ہر قسم۔کی انکوائری کے لئے تیار ہیں۔ اسی دوران نے ثالثی کی پیشکش بھی کی اور ہم نے کہا کہ تیار ہیں۔ ہم دہشتگردی کے خلاف ہیں لیکن اس قصائی جس کو مسلمانوں کا خون جس کے گریبان پر ہے اس نے پورا الزام پاکستان پر عائد کیا۔ ہم نے واضح پیغام اس قصائی کو دیا کہ پتھر کا جواب اینٹ سے دیں گے۔ اس نے گذشتہ رات پاکستان کے 6 مقامات پر حملہ کیا۔ رات کی تاریکی میں معصوم نہتے سویلین کو شہید کیا۔ 26 عورتیں بچوں سمیت شہید ہوئے۔ جس کے بعد ہماری فوج نے ایسا جواب دیا کہ کچھ گھنٹوں میں ان کے 5 جہاز اور ایک ڈرائون مار گرایا اور وہاں سے سفید پرچم لہرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ دشمن ہماری سرحد پر میلی آنکھ رکھے گا تو اس کی آنکھ نکال دیں گے۔ ہم نہیں چاہتے کہ کسی بھی انسان کا خون بہے لیکن جب پاکستان کی بات ہوگی تو ہم کسی حد تک جانے سے گریز نہیں کریں گی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ملک کے تحفظ کیلئے ہم سب ایک جگہ کھڑے ہیں۔ میں تمام سیاسی جماعتوں، آہنی بہنوں اور بھائیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ اس یکجہتی کے لئے جمع ہیں۔ ہم سب یہاں اس ملک پاکستان کے لئے جمع ہوئے ہیں اور پاکستان۔ کے لئے قربانی دینے کے لئے کسی قسم کی قربانی کے لئے کوئی دریغ نہیں کریگا۔ یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ یہ ایک انوکھا مظاہرہ ہے جس میں تمام سیاسی جماعتیں اپنے سیاسی اور نظریاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک پلیٹ فارم اور ایجنڈے پر متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مظاہرے میں تحریک انصاف کو بھی آنا تھا لیکن ان کی ایک ریلی پہلے سے اسی وقت طے شدہ تھی ورنہ وہ بھی ہمارے ساتھ یہاں ہوتے۔ مودی بھارتی نہیں بلکہ بین الاقوامی دہشتگرد ہے لیکن اس نے پنگا پاکستان سے لے کر بہت بڑی بھول کی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس یکجہتی مظاہرے میں مسیح اور ہندو برادری کے لوگ بھی بڑی تعداد میں شریک ہیں اور وہ بھی بھارتی جارحیت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر نیاز خاصخیلی نے کہا۔کہ ہندوستان نے بزدلانہ حملہ کا پاک فوج نے چند گھنٹوں میں ہندوستانی فوج کو خاموش کردیا ہے۔ پاک افواج کے ساتھ پوری قوم سیاسی اختلافات سے بالائے طاق ہوکر ایک ساتھ ہے۔ مودی ہندوستان میں انتخابات کے موقع پر اس طرح کی حرکتیں کرتا ہے لیکن ان کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔ آج پوری قوم یکجا ہے۔ مسلم لیگ نون کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آج اظہار یکجہتی کا یہ سیاسی جماعتوں کا گلدستہ جمع کرکے پوری قوم کو میسیج دیا ہے کہ یہ پاکستان ہماری ماں ہے اس پر کوئی میلی نظر ڈالے گا ہم سب اکٹھے ہوکر اس کا مقابلہ کرے گی۔ ہم سارے مل کر افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ میاں شہباز شریف، بلاول بھٹو اور تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین مل کر مودی اور بھارت کے ظالمانہ اقدامات کو منزل پر پہنچا کر دم ہی لیں گے۔ مظاہرے سے ایم کیو ایم پاکستان کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر افتخار عالم نے کہا کہ آج کی یہ یکجہتی ریلی اس بات کا ثبوت اور مودی کو پیغام ہے کہ پاکستانی قوم پہلے سے زیادہ منظم ہے۔ اور یہ قوم اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ مودی نے بزدلانہ حملہ کو ہماری پاک فوج نے ان کے ناپاک ادارے خاک میں ملا دئیے۔ پاک فوج نے نہ صرف پاکستان کا بلکہ امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ پاک فضائیہ نے تمھارے لڑاکا طیاروں کو نیست و نابوت کردیا۔ ہمارے لاکھ اختلافات ہوں لیکن جب پاکستان کی بات آئے گی ہم مل کر بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ رکن سندھ اسمبلی شام سندر نے کہا کہ جو بھارت نے ایک بد نیٹ اور سازش کرکے اندھیرے میں حملہ کیا اس کا پاکستان کی فوج نے دلیری سے مقابلہ کرکے پیچھے دھکیل دیا۔ پاکستان کی ہندو برادری اس پاکستان کو اپنی دھرتی ماتا سمجھتے ہیں اور اس کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے گریز نہیں کرے گی۔یکجہتی مظاہرے سے جماعت اسلامی کے امیر منعم ظفر نے کہا کہ یہ یکجہتی بھارت اور مودی کو یہ پیغام ہے کہ رات کے اندھیرے میں بزدلانہ حملہ کی پوری پاکستانی قوم اس کی مذمت کرتی ہے اور پوری قوم ایک پلیٹ فارم پر ہے۔ پوری پاکستانی قوم مادر وطن کی سلامتی کے لئے اپنی افواج کی پشت پر موجود ہے۔ بھارت نے حملہ کیا تو پاک شاہین، فضائیہ نے منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کا فاسسٹ چہرہ دنیا کے سنے بے نقاب کردیا ہے۔ انشاءاللہ پوری قوم متحد اور یکجہتی کا میسیج ہماری فوج کو تقویت دے گی۔ پاکستان کا پوری دنیا اور خصوصی طور پر امت میں ایک کردار ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام جماعتوں کی قومی کانفرنس منعقد کرکے بھارت کو پیغام جانا چاہیے کہ پوری قوم ایک ہے۔ جمعہ کو یوم عزم کے طور پر منایا جائے۔ انشاء اللہ پوری قوم اسی طرح یکجا ہوکر پاکستان پر میلی نظر رکھنے والوں کو آنکھیں نکال دیں گی۔ عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید نے کہا۔کہ آج کی اس یکجہتی ریلی کا مقصد مودی کو یہ پیغام ہے کہ یہ قوم ملک کے لئے ایک ہے اور اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ بھارت اپنا رویہ ٹھیک نہیں کرے گا تو اس کے ڈیڑھ ارب لوگوں کو تکلیف میں مبتلا کرے گا اور ہم دنیا سے امن کی اپیل کرتے ہیں۔۔لڑائی اور جنگ کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے، انسانیت کا قتل انسانیت نہیں ہے۔ یہ کلمہ کے نام پر ملک بنا ہے اور یہ قائم و دائم رہے گا۔ جس ملک میں پوری قوم متحد ہوجائے تو اس ملک کا کوئی بال بھی نہیں بگاڑ سکتا۔
Home / اہم خبریں / کراچی پریس کلب پر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت بھارتی جارحیت اور انتہاپسندی کے خلاف یکجہتی ریلی سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کہ رہنماؤں نے خطاب کیا