کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/ اسٹاف رپورٹر)
کراچی میں تعینات برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم نے جمعرات کو سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی جس میں صوبے کی توانائی پالیسی، جاری منصوبوں اور بین الاقوامی شراکت داریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے گفتگو کے دوران کہا کہ حکومت سندھ توانائی کے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے جن میں تھر کول پاور پلانٹس، سولر اور ونڈ ہائبرڈ توانائی منصوبے، اور گھروں کی سولرائزیشن پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عالمی بینک کے تعاون سے نئے سولر اور ونڈ منصوبے جلد شروع کیے جائیں گے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور برطانیہ کے اشتراک سے توانائی اور قابل تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے تاکہ اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری اور منصوبہ بندی ممکن ہو سکے۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور صوبائی حکومت مقامی وسائل کے مؤثر استعمال اور صاف توانائی کے فروغ کے ذریعے صوبے کو توانائی کے لحاظ سے خود کفیل بنانے کے لیے پرعزم ہے اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر کو سیلاب متاثرین کے لیے جاری دنیا کے سب سے بڑے ہاؤسنگ منصوبے سے متعلق بھی آگاہ کیا، جس کے تحت 21 لاکھ مکانات تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر لانس ڈوم نے سندھ حکومت کی ترقیاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات قابل تحسین ہیں ملاقات میں برطانوی ہائی کمیشن کی سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر ہُدیٰ اکرام بھی موجود تھیں۔ آخر میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے معزز مہمانوں کو سندھی لنگی کے تحائف پیش کیے۔