کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر)
سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پیپلز گرین ٹرانسپورٹ منصوبے کے تحت کراچی اور حیدرآباد میں 500 الیکٹرک بسیں مرحلہ وار متعارف کرائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلیگ شپ منصوبہ شہریوں کو آرام دہ، کم لاگت اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گا، جس سے فضائی آلودگی میں کمی اور سفر کے معیار میں بہتری آئے گی۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ منصوبے میں جدید بس ڈپو، چارجنگ اسٹیشنز، خودکار کرایہ وصولی کا نظام اور اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم شامل ہوں گے، تاکہ سفری نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک 16.5 کلومیٹر طویل ایلیویٹڈ فریٹ ایکسپریس وے کی منظوری دی گئی ہے، جو بھاری گاڑیوں کے لیے مخصوص راستہ فراہم کرے گا اور شہری سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جامشورو اور مٹیاری میں 41 ہزار ہیکٹر رقبے پر دریائی جنگلات اگانے کا منصوبہ ماحولیاتی تحفظ اور کاربن کے اخراج میں کمی کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ سندھ حکومت زراعت اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبے میں نجی شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے، جس کے تحت ٹماٹر پراسیسنگ پلانٹ، چاول اور گندم میکانائزیشن منصوبوں پر کام جاری ہے۔
سینئر وزیر نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت صوبے میں ٹرانسپورٹ، توانائی، ماحولیات اور انفراسٹرکچر کے مختلف شعبوں میں کئی اہم منصوبے جاری ہیں، جو شہری سہولتوں میں بہتری، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے فروغ کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت عوامی خدمت، ترقی اور خود انحصاری کے وژن پر گامزن ہے۔