دبئی/کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان انڈر 19 نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشیا کپ انڈر 19 مینز ون ڈے ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔ اتوار کو آئی سی سی اکیڈمی دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان انڈر 19 نے روایتی حریف بھارت انڈر 19 کو 191 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ فائنل کی نمایاں بات سمیر منہاس کی شاندار سنچری اور علی رضا کی تباہ کن بولنگ رہی۔
بھارت انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پاکستانی بلے بازوں نے اس فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔ پاکستان انڈر 19 نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے۔ سمیر منہاس نے 113 گیندوں پر 9 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 172 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جو ٹورنامنٹ میں ان کی دوسری سنچری تھی۔ اس سے قبل وہ ملائیشیا کے خلاف 177 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کرچکے تھے۔ انہوں نے عثمان خان کے ساتھ دوسری وکٹ پر 92 اور احمد حسین کے ساتھ تیسری وکٹ پر 137 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ عثمان خان نے 35 جبکہ احمد حسین نے 56 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے دیپیش دیوندرن نے 83 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں
347 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی انڈر 19 ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 26 اعشاریہ 2 اوورز میں محض 156 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جن میں ویبھاؤ سوریاونشی، کپتان مہاترے، کانشک چوہان اور سب سے زیادہ 36 رنز بنانے والے دیپیش دیوندرن کی وکٹیں شامل تھیں۔ محمد صیام، عبدالسبحان اور جذیفہ احسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ پاکستان انڈر 19 کی ایشیا کپ میں دوسری کامیابی ہے۔ اس سے قبل 2012 میں پاکستان اور بھارت مشترکہ طور پر چیمپئن قرار پائے تھے جب فائنل میچ ٹائی ہوگیا تھا۔