سانگھڑ، (رپورٹ، رضوان غوری) ٹنڈوآدم میں حیدرآباد روڈ پر تبلیغی مرکز کے سامنے پتنگ کی خطرناک ڈور کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار دو نوجوان زخمی ہوگئے واقعہ اتوار کے روز پیش آیا، جہاں مبین احمد اور عظیم مغل موٹر سائیکل پر گزر رہے تھے کہ تیز دھار ڈور اچانک ان کے گلے اور جسم سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوگئے۔ واقعے کے فوری بعد دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لیے تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم منتقل کیا گیا۔
واقعے پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شیشے اور کیمیکل سے تیار کی جانے والی خطرناک ڈور موٹر سائیکل سواروں اور راہگیروں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے اور اس کے باعث کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک ڈور اور پتنگ بازی کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اس کی خرید و فروخت اور استعمال پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ شہریوں کی جانیں محفوظ رہیں۔