کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/ اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے آسٹریا کے سفیر وولف گینگ اولیور کٹشر کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ چند سال قبل آسٹریین سرمایہ کار حیدر پاور پراجیکٹس میں دلچسپی لے رہے تھے، جبکہ سفیر نے سندھ میں رینیوبل انرجی کے شعبے میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں توانائی، انفراسٹرکچر، صنعتی تعاون، تعلیم، ٹیکنالوجی اور اسکل ڈویلپمنٹ جیسے اہم شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر غور کیا گیا۔ آسٹریا کی جانب سے سندھ میں سولر اور ونڈ انرجی کے منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی گئی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں رہنماؤں نے تجارتی وفود کے تبادلوں، مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام اور سرمایہ کاری میں رکاوٹوں کے خاتمے پر اتفاق کیا۔ آسٹریین سفیر نے سندھ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور جاری ترقیاتی اقدامات کو سراہا، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے آسٹریا سمیت یورپی ممالک کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔