لاہور/کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) پاکستان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ اس فتح کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کی 10 مسلسل ٹیسٹ فتوحات کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا۔ مہمان ٹیم 277 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دوسری اننگز میں 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کے اسپنرز نے ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا نعمان علی اور ساجد خان نے چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں لے کر اننگز کا اختتام کیا۔
دن کا آغاز جنوبی افریقہ کے 51 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے ہوا تو شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ٹونی ڈی زورزی کو 16 رنز پر آؤٹ کیا ٹرسٹن سبتس صرف دو رنز بنا کر نعمان علی کا شکار بنے۔ نوجوان بلے باز ڈیوالڈ بریوس نے 54 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، لیکن نعمان نے انہیں بھی پویلین کی راہ دکھائی لنچ سے قبل ریان ریکلٹن (45) کو ساجد خان نے آؤٹ کر کے مہمان ٹیم کو مزید دباؤ میں ڈال دیا۔
دوسرے سیشن میں ساجد نے سینیورن متھوُسوامی کو ایل بی ڈبلیو کیا، جب کہ شاہین نے کائل ویریئن، پرنیلن سبریئن اور کگیسو ربادا کو جلدی جلدی آؤٹ کرکے پاکستان کی کامیابی یقینی بنائی۔ نعمان علی کو میچ میں دس وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 20 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل وائٹ بال سیریز کھیلی جائے گی۔